آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں مسلسل پانچویں ون ڈے سیریز میں شکست

آسٹریلیا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں مسلسل پانچویں ون ڈے سیریز میں شکست

میکے (آسٹریلیا) میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 84 رنز سے شکست دے دی۔

 اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 2016 سے اب تک جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے سیریز کھیلی جا چکی ہیں اور تمام کی تمام سیریز میں کامیابی جنوبی افریقہ کے حصے میں آئی ہے۔یہ بھی ایک اہم موقع ہے کیونکہ 2009 کے بعد پہلی بار آسٹریلوی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر مسلسل چار ون ڈے میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف موجودہ سیریز میں دو میچز کی شکست سے قبل آسٹریلوی ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کے آخری دونوں میچز بھی ہار چکی تھی۔

تاریخی طور پر آسٹریلوی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر کبھی بھی مسلسل دو مرتبہ سے زیادہ 200 رنز سے کم اسکور پر آؤٹ نہیں ہوئی تھی، مگر گزشتہ چار میچز میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن یکسر ناکام رہی اور 200 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکی۔مجموعی طور پر آسٹریلوی ٹیم نے اپنے گزشتہ آٹھ ون ڈے میچز میں سے سات میں شکست کا سامنا کیا ہے، جو ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بڑے سوالات کھڑے کرتا ہے۔