دمبولا: سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں برتری حاصل کر لی۔
دمبولا میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے شاندار آغاز کرتے ہوئے اوپنرز کے درمیان 66 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی۔کپتان منیبہ علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 24 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ایمان نصیر اور شوال ذوالفقار نے دوسری وکٹ کے لیے 61 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس کی بدولت پاکستان کا اسکور 127 رنز تک پہنچ گیا۔تاہم اس کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار ہوگئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز بنا کر سب سے نمایاں اسکور کیا، جبکہ ایمان نصیر نے 21 اور عائشہ ظفر نے 17 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے کویشا دلہاری نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کاویا کاوندی، سوگاندیکا کماری اور چمودی پرابودا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 177 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔سری لنکا کی اوپنر ایمیشا دلانی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 101 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان چماری اتاپتو نے 39 رنز بنا کر کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حمنہ بلال اور ام ہانی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 2 اگست جبکہ تیسرا اور آخری میچ 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔