پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ دنیا کو محفوظ بنانے کیلئے ہے عطا ء تارڑ

چھ جہاز گر گئے جنگ ہار گئے اب کہتے ہیں کرکٹ میں ہاتھ نہیں ملائیں گے،جو قوم اخلاقی پستی کا شکار ہوتی ہے وہ کھیل میں سیاست لے آتی ہے
دہشت گرد کا سہولت کار بھی دہشتگرد جو کسی دہشتگرد کو پناہ دے وہ بھی دہشتگرد ہے‘پاکستان نے خطے میں پائیدار امن کیلئے   ہمیشہ  موثر کردار ادا کیا: تقریب سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے  پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے  لئے نہیں بلکہ دنیا کو محفوظ بنانے کے لئے ہے، بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اب کھیلوں کے میدان تک پہنچ چکا ہے،پاکستان نے بھارت کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا، بھارت کی بلاجواز جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، جس پر بھارت نے جنگ بندی کی درخواست کی۔ان خیالات کااظہار انہوںنے انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات   نے کہا کہ  چار روزہ جنگ میں پاکستان نے فتوحات کی ایک نئی داستان رقم کی ہے۔ مودی حکومت اور ہندوتوا نظریے کو عبرتناک شکست ہوئی۔ بھارت ایک غاصب اور جارح ملک ہے جو مظلوم بننے کی کوشش کر رہا ہے۔ پہلگام جیسے واقعات کی حقیقت دنیا کے سامنے آشکار ہو چکی ہے۔ پہلگام واقعے کے حوالے سے پاکستان نے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں پائیدار امن کیلئے   ہمیشہ اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔ ہماری دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف اپنے لئے  نہیں بلکہ دنیا کو محفوظ بنانے کے لئے ہے۔ بین الاقوامی اصولوں سے روگردانی کرنے والا بھارت مظلومیت کا ڈھونگ نہیں رچا سکتا‘ جو قوم اخلاقی پستی کا شکار ہوتی ہے وہ کھیل میں سیاست لے آتی ہے، چھ جہاز گر گئے جنگ بھی ہار گئے اب کہتے کرکٹ میں ہاتھ نہیں ملائیں گے۔