پیس بورڈ میں شمولیت پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، موجودہ پارلیمنٹ کو فارم47 کی پیداوار سمجھتے ہیں، لیکن فیصلوں کو کم ازکم پارلیمنٹ میں تو زیربحث لایا جائے
اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کی پالیسی بنانے کیلئے کے پی اسمبلی کی قراردادوں پر کوئی عملدرآمد نہیں ہو رہا، غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ کیا گیا لیکن پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ اپنے ایک بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ یومِ سیاہ میں خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں ٹھیک ٹھاک لوگ نکلے۔ہم نے پرامن احتجاج کیا، کوئی پتھر نہیں پھینکا، کسی کی دکان زبردستی بند نہیں کروائی۔ پاکستانیوں نے ہمارا یومِ سیاہ کامیاب بنایا۔ حکومت نہ کسی کو احتجاج کرنے دیتی ہے نہ جلوس نکالنے دیتی ہے۔ صرف کراچی میں 377 ایم پی او کے آرڈر نکلے ہیں، 400 تک کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔ہمارے سابق رکنِ قومی اسمبلی فہیم خان اور کراچی کے صدر راجا اظہر پر تشدد کیا گیا۔ہم نے کوئی توڑ پھوڑ نہیں کی، کوئی قانون نہیں توڑا، پھر بھی اس طرح کا رویہ اختیار کیا گیا۔ کیا اس ملک میں ہمارا کوئی حق نہیں۔ کیا جمہوریت ہمارا حق نہیں ہے۔ ہم سے ہمارا ووٹ چوری کیا گیا، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، ہر پاکستانی کے ووٹ کی تذلیل کی گئی ہے۔