وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر عوامی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈز کے مریض نفرت کے مستحق نہیں بلکہ ہمدردی کے حق دار ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایڈز ایک اہم سماجی اور اقتصادی مسئلہ ہے جس کی روک تھام کے لئے سب کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایڈز کی روک تھام، جانچ اور علاج تک رسائی میں عدم مساوات کو ختم کرنا ضروری ہے تاکہ متاثرہ افراد کو معاشرے کا کارآمد حصہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ ایڈز کے خاتمے اور علاج کے لئے سرگرم معاشرتی خدمات قابل ستائش ہیں اور حکومت ایڈز کے خاتمے کے ہدف کے حصول کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں ڈائیلاسز کے لئے ایڈز سکریننگ کے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دستیاب علاج اور جلد تشخیص سے ایچ آئی وی/ایڈز سے متاثرہ افراد کی زندگی کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ مریم نواز نے اس موقع پر زور دیا کہ معاشرتی آگاہی اور مربوط کوششوں سے ایڈز کے خلاف مؤثر جنگ لڑی جا سکتی ہے۔