بیشتر گٹروں کے ڈھکن غائب، کوڑا کرکٹ کے ڈھیر، نوٹس لینے کامطالبہ
لاہور (خصوصی رپورٹ )ریلوے برٹ کالونی میں شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہو گئے۔ گلیوں کی حالت زار ایسی ہے کہ ہر قدم پر گڑھے اور گندے پانی کے جوہڑ دکھائی دیتے ہیں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع ہیں جبکہ بیشتر گٹروں کے ڈھکن بھی غائب ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ متعلقہ انتظامیہ کو متعدد بار شکایات درج کرائی گئیں، لیکن تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اْٹھایا گیا۔ خراب سڑکیں، کھلے گٹر اور صفائی کی ناقص صورتحال نے اہلِ علاقہ کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔شہریوں نے ضلعی حکومت اور میونسپل اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے اور مسائل کے حل کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ ایک صاف، محفوظ اور بہتر ماحول میں زندگی گزار سکیں۔