1 کروڑ 20 لاکھ مربع میٹر پر پھیلا ‘‘شاہ سلمان گیٹ ’’منصوبہ شروع کرنیکا اعلان
ہوٹل اور کئی بلند عمارتیں منصوبے کا حصہ ،مسار منصوبے پر بھی اربوں ڈالر خرچ
ریاض (خصوصی رپورٹ)سعودی عرب نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے قریب‘‘شاہ سلمان گیٹ ’’کے نام سے نیا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے،جس میں 9 لاکھ مزید نمازیوں کیلئے جگہ بنانے کیساتھ ساتھ رہائش اور ہوٹلوں کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی،منصوبے میں کئی بلند عمارتیں شامل ہیں۔ سعودی حکام کے مطابق منصوبہ 1 کروڑ 20 لاکھ مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوگا اور اس میں اندرونی و بیرونی دونوں جگہوں پر نماز کے انتظامات ہوں گے۔سعودی حکومت مکہ کے دوسرے بڑے منصوبے "مسار" پر بھی اربوں ڈالر خرچ کر رہی ہے، جس میں 40 ہزار نئے ہوٹل کمروں کی تعمیر شامل ہے۔ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان مکہ مکرمہ آتے ہیں،زائرین کی تعداد بڑھانا ولی عہد محمد بن سلمان کے وڑن 2030 کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد معیشت کو تیل پر انحصار سے نکال کر دیگر ذرائع سے مضبوط بنانا ہے۔