آتشزدگی کی ممکنہ وجہ شاٹ سرکٹ،4فلورز لپیٹ میں آئے، عدالتی ریکارڈ جائیدادوں کے کیسز کا تھا،گارڈ کی فیملی سمیت 8 افراد ریسکیو
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور میں ایوان عدل کے قریب ایل ڈی اے پلازہ میں واقع سول کورٹس میں پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی، شعلوں نے عمارت کے4فلورز کو لپیٹ میں لے لیا اور 100کے قریب عدالتوں کا مکمل ریکارڈ اور فرنیچر جل کر راکھ ہوگیا، ان عدالتوں میں جائیدادوں کے کیسز زیر سماعت تھے۔ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئیوہاں تعینات گارڈ کی فیملی سمیت 8 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ فائر بریگیڈنے کئی گھنٹوں کی امدادی کارروائی کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شاٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔جمعرات کی صبح آگ عدالتی وقت شروع ہونے سے پہلے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نیچار فلورز پر موجود 100کے قریب عدالتی کمروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سول کورٹ کی عمارت میں دھواں بھر جانے سے عدالتی عملہ اور وکلاء کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سیشن جج لاہور خورشید خواجہ ،سینئر سول جج شفقت عباس بگھیانہ اور فوکل پرسن سکیورٹی شکیب عمران قمر موقع پر پہنچ گئے، سیشن جج لاہور کو آتشزدگی کے واقعہ پر بریفنگ دی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق آگ لگنے کی حتمی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، چھان بین کی جا رہی ہیجبکہ عدالتی ریکارڈ کے نقصان کا تخمینہ لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔