تحصیل ماموند کے علاقے تنگئی میں سیکیورٹی فورسز نے مبینہ طور پر فتنۃ الخوارج کی ایک گاڑی فائر کر کے دھماکے سے تباہ کر دی، جس میں سیکڑوں کلوگرام بارود موجود تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رات کے وقت سڑک کنارے چھوڑی گئی اس گاڑی کو فورسز نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود بارودی مواد دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس گاڑی کو مقامی کسی سول آبادی میں جا کر دھماکے کیلئے استعمال کیا جانا تھا، تاہم فورسز کی بروقت کارروائی نے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔عسکری اور مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ بارودی مواد افغانستان سے اسمگل شدہ مال کے ذریعے لایا گیا تھا۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت افواجِ پاکستان اور عوام ملک کے دفاع کے لیے متواتر کوششیں جاری رکھیں گے جب تک ملک سے خوارج کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔