کراچی میں سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں بہت بڑا اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں اچانک 141 ڈالر کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں اس کی عالمی قیمت 4 ہزار 358 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو ایک نئی بلند ترین سطح ہے۔عالمی مارکیٹ کے اثرات مقامی سطح پر بھی واضح نظر آئے ہیں، جہاں صرافہ بازاروں میں 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت میں 14 ہزار 100 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔ اب اس کی قیمت 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے فی تولہ ہے۔ اسی طرح، فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 12 ہزار 089 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 91 ہزار 718 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
مزید برآں، فی تولہ چاندی کی قیمت 167 روپے کے اضافے سے 5,504 روپے اور 10 گرام چاندی کی قیمت 143 روپے کے اضافے سے 4,718 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر 2026ء تک فی اونس سونے کی قیمت 5,000 ڈالر تک جانے کی پیشگوئیاں ہیں۔ چین، برازیل، بھارت، سعودی عرب، دبئی سمیت دیگر ممالک کے سینٹرل بینکوں کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ اور امریکا، روس، جرمنی میں گولڈ کوائن کی خریداری سرگرمیوں نے سونے کو ایک محفوظ اور قابل اعتماد سرمایہ کاری کا ذریعہ بنا دیا ہے، جس کی وجہ سے عالمی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتیں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔