دوحہ میں قطر کی ثالثی میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان آج مذاکرات ہونگے

دوحہ میں قطر کی ثالثی میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان آج مذاکرات ہونگے

ویب ڈیسک: افغان طالبان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، طالبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان کے وفد کی قیادت وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کر رہے ہیں، اور وہ پاکستان کے سکیورٹی و انٹیلی جنس حکام کے ساتھ آج مذاکرات کریں گے۔پاکستان کی طرف سے ابھی تک ان مذاکرات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، لیکن سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ سرحدی تناؤ کے حل کے لیے یہ مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے ذرائع کے مطابق، سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ مذاکرات کا وقت اور مقام ابھی طے نہیں ہوا، لیکن یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہو رہے ہیں۔اس سے قبل طلوع نیوز نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ دونوں فریقین کے درمیان بات چیت دوحہ میں ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے حالیہ اجلاس میں کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے قطر نے ثالثی کی پیشکش کی ہے اور پاکستان اس مسئلے کے پر امن حل کے لیے سنجیدگی سے فریقین سے بات چیت کرنے کو تیار ہے۔اس کے علاوہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور، ڈاکٹر عبدالعزیز الخلیفی، کی طرف سے علاقائی صورتحال کے حوالے سے پیغام موصول ہوا، جس میں قطر نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔اسحاق ڈار نے قطر کی حمایت اور خطے میں امن کے لیے اس کے مثبت کردار کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی آج شام چھ بجے ختم ہو رہی ہے۔