ویب ڈیسک: بدنام زمانہ بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوی کے نیٹ ورک نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔
گروہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جو بھی پروڈیوسر، ڈائریکٹر یا اداکار سلمان خان کے ساتھ کام کرے گا، وہ اپنی جان کا خود ذمہ دار ہوگا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تازہ دھمکی کینیڈا میں مشہور کامیڈین کپل شرما کے کیفے "کپس کیفے" پر فائرنگ کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔ ایک آڈیو پیغام میں خود کو ہیری باکسر کہنے والے شخص نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ سلمان خان سے وابستہ ہر شخص کو نشانہ بنایا جائے گا۔فائرنگ کا یہ واقعہ کینیڈا کے صوبہ برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں پیش آیا۔ حملے کے دوران کیفے کی عمارت کو نقصان پہنچا اور عملہ خوف و ہراس میں مبتلا ہو گیا۔
یہ ایک ماہ کے دوران دوسرا حملہ تھا، تاہم خوش قسمتی سے دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق لارنس بشنوی گینگ سلمان خان کو 1998ء کے کالے ہرن شکار کیس کی وجہ سے مسلسل ہدف بنائے ہوئے ہے، کیونکہ بشنوی برادری کالے ہرن کو مقدس سمجھتی ہے۔کینیڈا میں بشنوی نیٹ ورک کی بڑھتی سرگرمیوں کے بعد مقامی سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ اس گروہ کو باضابطہ طور پر "دہشت گرد تنظیم" قرار دیا جائے۔