حکمت عملی غیر حکیمانہ اور غیر دانشمندانہ ، کہیں لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہو تو نشاندہی کی جائے
لاہور(آئی این پی )سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے وفاق، حکومتِ پنجاب اور فیصلہ ساز اداروں سے اپیل کی ہے کہ مدارس و مساجد کو معمول کے مطابق اپنا کام کرنے دیا جائے اور اس اندھا دھند کارروائی کو فی الفور روکا جائے۔ ا پنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم سانحہ مرید کے پر محتاط ترین الفاظ میں اپنا موقف دے چکے ہیں، ابتدا میں مخصوص لوگوں کی گرفتاریوں کی حکمت تو سمجھ میں آتی تھی کہ بڑے پیمانے پر رد عمل نہ آئے اور امن عامہ کا مسئلہ پیدا نہ ہو لیکن اب اطلاعات آرہی ہیں کہ بڑے پیمانے پر گرفتاریاں ہو رہی ہیں، مساجد و مدارس اہلسنت کو سیل کیا جارہا ہے یا کنٹرول میں لیا جارہا ہے۔مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے کہ یہ حکمت عملی غیر حکیمانہ اور غیر دانشمندانہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس اندھا دھند کارروائی کو فی الفور روکا جائے، مدارس و مساجد کو معمول کے مطابق اپنا کام کرنے دیا جائے کہیں لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہو تو اس کی نشاندہی کی جائے