تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی پر پرنسپل کیخلاف ایکشن ہوگا: اسلام آباد ہائیکورٹ

شکایت ہوئی تو پرنسپل اور مالک کے خلاف کارروائی ہوگی، منشیات سکول، کالج، یونیورسٹیز میں پہنچے تو انتظامیہ ذمہ دار ہے:جسٹس انعام امین منہاس
 اسلام آباد(یواین پی)اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی تعلیمی اداروں میں منشیات کی شکایات کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی،  وفاقی پولیس کی جانب سے رواں سال درج 1314 مقدمات کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔عدالت عالیہ نے پیرا کو ہدایت  کی کہ شکایت کی صورت میں پرنسپل اورمالک کے خلاف کارورائی کو ایس او پی میں ڈالا جائے۔جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی، درخواستگزار وکیل کاشف ملک،اے این ایف کے وکیل رانا ذوالفقار،پیرا اور دیگر کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے پیرا کو ہدایت دی کہ یہ ایس او پی میں شامل کریں اگر شکایت ہوئی تو سکول پرنسپل اور مالک کے خلاف کارروائی ہوگی، جتنے مقدمات ہوئے ان تعلیمی اداروں میں جاکر دیکھیں اور رپورٹ دیں، اگر منشیات اسکول، کالج، یونیورسٹیز میں پہنچے تو انتظامیہ ذمہ دار ہے، آئندہ سماعت پر رپورٹ دی جائے۔جسٹس انعام امین منہاس  نے کہا کہ اس کیس سے متعلق تفصیلی آرڈر لکھوائیں گے،عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔