وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی

پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے اس کے ساتھ تعلقات کو احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں:بلاول بھٹو اور وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (آئی  این پی)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیراعظم نے کہا پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے اس کے ساتھ تعلقات کو احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیںوزیرِ اعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کا وفد وزیرِ اعظم ہاوس اسلام آباد پہنچا، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو اور وفد کا خیرمقدم کیا۔پیپلز پارٹی کے وفد میں نیر بخاری، راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن اور شیری رحمن شامل تھے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومتِ پنجاب سے متعلق تحفظات وزیرِ اعظم کے سامنے رکھے۔ وزیرِ اعظم شہبازشریف نے بلاول بھٹو کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان چپقلش کی وجہ بننے والے معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے پر اتفاق ہو گیا۔