دی پنجاب صارف تحفظ (ترمیمی) بل کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جمع کرا دیا گیا
لاہور (آئی این پی )پنجاب حکومت نے صوبے کے 17 اضلاع میںصارف عدالتیں ختم کرنے کے لیے نیا ترمیمی بل تیار کر لیا ۔ دی پنجاب صارف تحفظ (ترمیمی) بل کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جمع کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت صارف عدالتوں کے اختیارات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کو منتقل کیے جائیں گے۔بل کے متن کے مطابق صارفین اب اپنی شکایات براہ راست ڈپٹی کمشنر یا حکومت کی جانب سے مقررہ کسی اور افسر کو بھی جمع کرا سکیں گے۔ اس ترمیم کے تحت ضلعی عدالتوں میں ڈسٹرکٹ جج یا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج بطور صارف عدالت جج فرائض انجام دیں گے۔بل میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی مشاورت سے اضلاع میں ایک یا زائد صارف عدالتیں بھی قائم کی جا سکیں گی، جب کہ صارف کی شکایت پر متعلقہ افسر ملزم کو ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھے گا۔