جی ٹی اے 6 کا جنون! بھارتی کمپنی نے گیم کی ریلیز پر ملازمین کو چھٹی دے دی

جی ٹی اے 6 کا جنون! بھارتی کمپنی نے گیم کی ریلیز پر ملازمین کو چھٹی دے دی

دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (GTA 6) کی ریلیز کا انتظار شائقین میں اس قدر بڑھ گیا ہے کہ بھارت کی ایک کمپنی نے اپنے ملازمین کو گیم کھیلنے کے لیے خصوصی چھٹی دینے کا اعلان کر دیا۔

 کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ ریلیز کے روز دفتر بند رہے گا تاکہ ملازمین اپنی پسندیدہ گیم سے لطف اندوز ہو سکیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی انٹیریئر ڈیزائن کمپنی ’انڈے بائی چیئرز کارٹے‘ (Ande by Chairs Cart) نے 19 نومبر کو اپنے ملازمین، انٹرنز اور فری لانسرز کے لیے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کشور شنموگم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اس فیصلے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کے ملازمین کئی برسوں سے جی ٹی اے 6 کی آمد کے منتظر ہیں، اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ گیم کی ریلیز کے دن دفتر بند رکھا جائے گا۔

کشور شنموگم کے مطابق ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے بچپن میں ’جی ٹی اے وائس سٹی‘ اور ’جی ٹی اے 5‘ جیسی مشہور گیمز کھیلی ہیں۔ اب طویل انتظار کے بعد نئی گیم کی آمد ان کے لیے ایک خاص موقع ہے، جس سے وہ بھرپور لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔کمپنی کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل ہو رہی ہے، جہاں صارفین ملازمین کو گیم کھیلنے کے لیے چھٹی دینے کے فیصلے پر تبصرے کر رہے ہیں۔

لاجی ٹیک کا بھی ملازمین کے لیے خصوصی اقدام
دوسری جانب کمپیوٹر اور گیمنگ آلات بنانے والی معروف کمپنی ’لاجی ٹیک‘ (Logitech) نے بھی اپنے ملازمین کے لیے گیمنگ سے متعلق ایک خصوصی سہولت متعارف کرائی ہے۔رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اپنے تقریباً 7 ہزار ملازمین کے لیے ’لاگی گیم ڈے‘ (Logi Game Day) کے نام سے ایک سہولت متعارف کرائی ہے، جس کے تحت ملازمین آئندہ 12 ماہ کے دوران ویڈیو گیمز کھیلنے کے لیے ایک دن کی چھٹی حاصل کر سکتے ہیں۔یہ سہولت صرف جی ٹی اے 6 تک محدود نہیں بلکہ ملازمین اپنی پسند کی کسی بھی ویڈیو گیم سے لطف اندوز ہونے کے لیے اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

گیمنگ کا شوق دفاتر تک پہنچ گیا
ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویڈیو گیمز اب محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ بعض اداروں میں ملازمین کی دلچسپی اور کام کے ماحول سے متعلق پالیسیوں کا بھی حصہ بن رہی ہیں۔