سمے رائنا اور میدھا شنکر پھر ایک ساتھ نظر آگئے، تعلقات کی افواہیں گردش کرنے لگیں

سمے رائنا اور میدھا شنکر پھر ایک ساتھ نظر آگئے، تعلقات کی افواہیں گردش کرنے لگیں

بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین سمے رائنا اور اداکارہ میدھا شنکر ایک بار پھر ایک ساتھ دکھائی دینے کے بعد مبینہ تعلقات کے حوالے سے خبروں میں آگئے ہیں۔

دونوں کی ممبئی کے ایک کیفے میں ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس کے بعد مداحوں کی جانب سے ان کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمے رائنا اور میدھا شنکر کو 15 نومبر کی شام ممبئی کے ایک کیفے میں دیکھا گیا۔ اس موقع پر دونوں کی موجودگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی، جس میں سمے رائنا نیلی ٹی شرٹ جبکہ میدھا شنکر سیاہ لباس میں دکھائی دے رہی ہیں۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ایک مرتبہ پھر دونوں فنکاروں کے درمیان ممکنہ رومانوی تعلق پر تبصرے کر رہے ہیں۔ تاہم دونوں کی جانب سے اب تک اپنے تعلقات کے بارے میں کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔اس سے قبل میدھا شنکر نے سمے رائنا کے گھر منعقد ہونے والی دیوالی کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔ اس موقع پر دونوں کی قربت اور ایک دوسرے کے ساتھ موجودگی کے بعد ان کے تعلقات سے متعلق افواہوں نے مزید زور پکڑا تھا۔

دونوں فنکاروں کی دسمبر میں شادی کی خبریں بھی بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں۔ ان خبروں پر سمے رائنا نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ دسمبر میں ان کا بھارت کا دورہ ہے، اس لیے شادی ملتوی کرنا پڑے گی۔میدھا شنکر نے بھی شادی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مزاحیہ انداز میں جواب دیا تھا۔ دونوں کے ان بیانات کے بعد بھی مداحوں میں ان کی نجی زندگی کے حوالے سے دلچسپی برقرار رہی۔واضح رہے کہ سمے رائنا نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران اپنی گرل فرینڈ کا ذکر کیا تھا، تاہم انہوں نے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا صارفین ان کے بیان کو میدھا شنکر کے ساتھ جوڑ کر دیکھ رہے ہیں، لیکن اس حوالے سے کوئی مستند تصدیق موجود نہیں۔