ہربنس پورہ نہر سے 36 سالہ شخص کی لاش برآمد، پولیس تحقیقات میں پیش رفت

ہربنس پورہ نہر سے 36 سالہ شخص کی لاش برآمد، پولیس تحقیقات میں پیش رفت

لاہور: ہربنس پورہ میں نہر سے 36 سالہ شخص کی لاش ملنے کے واقعے میں پولیس تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، متوفی کی شناخت غلام فرید کے نام سے کرلی گئی ہے جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق موت نہر میں گرنے کے باعث ہوئی۔

ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر کے مطابق ہربنس پورہ نہر سے ملنے والی لاش کی شناخت 36 سالہ غلام فرید کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آنے والے شواہد سے بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے کہ شہری نہر میں گرنے کے باعث جاں بحق ہوا۔ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ متوفی کے جسم پر موجود چوٹیں بھی ابتدائی طور پر حادثے کا نتیجہ معلوم ہوتی ہیں، تاہم واقعے کی حتمی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرلیے

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ابتدائی کارروائی کے دوران شواہد اکٹھے کیے۔ فرانزک ٹیموں نے بھی موقع کا معائنہ کیا اور ضروری شواہد محفوظ کرلیے تاکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے۔پولیس نے لاش کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مردہ خانے منتقل کردیا ہے۔