لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے تمام دیہات کی ترقی کے لیے ’’اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی ذمہ داری مقامی آبادی کو دینے کی تیاری کی گئی ہے۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات کو اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔پروگرام کے تحت دیہات میں بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ منصوبے میں گلیوں کو پختہ کرنے، نکاسی آب کا نظام تعمیر کرنے اور گندے پانی کے اخراج کے لیے جوہڑ بنانے کے اقدامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے دیہات میں سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ دیہی آبادی کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔حکومتی منصوبے کے مطابق دیہات میں ترقیاتی کام کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔ اس ماڈل کے ذریعے مقامی رہائشی اپنے گاؤں کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی اور ان سے متعلق فیصلوں میں براہِ راست حصہ لے سکیں گے۔
پہلے مرحلے میں 485 دیہات شامل ہوں گے
’’اپنا گاؤں پروگرام‘‘ کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے کوآپریٹو سوسائٹیز تشکیل دی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات میں بھی ایسی سوسائٹیز قائم کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے پروگرام کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پروگرام کے آغاز کے لیے 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ اس سلسلے میں 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، تاکہ دیہی ترقی کے لیے اس نظام کو دوبارہ فعال بنایا جاسکے۔
کوآپریٹو سوسائٹیز کی نگرانی کا نظام
پروگرام کے تحت ہر کوآپریٹو سوسائٹی کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ اس کمیٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے، جو سوسائٹیز کی کارکردگی اور ترقیاتی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔اسی طرح ہر کوآپریٹو سوسائٹی کے انتظامی امور چلانے کے لیے پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس کمیٹی میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایک ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔
گاؤں کی ترقی کے فیصلے مقامی افراد کریں گے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت ہر گاؤں کی ترقی کی ذمہ داری وہاں کے اپنے لوگوں کو دینا چاہتی ہے تاکہ مقامی آبادی اپنی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں فیصلے کرسکے۔ان کا کہنا تھا کہ کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے گاؤں کے مکین ترقیاتی عمل میں شریک ہوں گے اور اپنے علاقے کی بہتری کے لیے خود کردار ادا کرسکیں گے۔ حکومت کا مقصد دیہات میں ترقی کے عمل کو پائیدار، مؤثر اور مقامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانا ہے۔