اداکارہ عائشہ نور نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑ دی

 اداکارہ عائشہ نور نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑ دی

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ نور نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے اور مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے فیصلے کی وجہ بتا دی۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ قرآن پاک ترجمے کے ساتھ پڑھنے کے بعد ان کی زندگی میں روحانی تبدیلی آئی اور انہیں اپنے طرزِ زندگی پر غور کرنے کا موقع ملا۔ڈراموں ’سیانی‘، ’میری ماں‘، ’تم کون پیا‘ اور ’امید‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی عائشہ نور نے حالیہ گفتگو میں اپنے روحانی سفر اور شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق اہم انکشافات کیے۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے گھرانے میں پہلے ہی مذہبی رجحان موجود تھا، تاہم ان کی چھوٹی بہن نے جب قرآن پاک سیکھنا شروع کیا تو انہوں نے بھی ترجمے کے ساتھ قرآن پڑھنے کا فیصلہ کیا۔عائشہ نور کے مطابق قرآن پاک کا ترجمہ پڑھتے ہوئے انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے اللہ تعالیٰ براہِ راست ان سے مخاطب ہیں۔ اس تجربے نے ان کی سوچ اور زندگی کو متاثر کیا اور انہیں اپنے معاملات اور ترجیحات پر نئے سرے سے غور کرنے کی ترغیب دی۔

مشکل وقت میں شوبز چھوڑنے کا فیصلہ
عائشہ نور نے بتایا کہ زندگی کے ایک مشکل دور میں انہیں یہ احساس ہوا کہ شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہتے ہوئے وہ اپنی خواہش کے مطابق مذہبی زندگی نہیں گزار سکیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ ان کے لیے آسانیاں پیدا ہوں اور انہیں ایسا راستہ دکھایا جائے جس پر چل کر وہ اپنی زندگی مذہبی تعلیمات کے مطابق گزار سکیں۔اداکارہ کے مطابق دعا کے بعد ان کے لیے نئے راستے کھلتے گئے اور انہوں نے شوبز کی مصروفیات سے دور ہوکر زندگی کا ایک نیا سفر شروع کیا۔

اب ٹریول ایجنسی کا کاروبار چلا رہی ہیں
شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کے بعد عائشہ نور نے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کیا اور اب وہ اپنی ٹریول ایجنسی چلا رہی ہیں۔ اس کاروبار کے ذریعے وہ نہ صرف خود روزگار حاصل کر رہی ہیں بلکہ دیگر افراد کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔