لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے برکی میں مدرسے کے ایک استاد کے مبینہ تشدد سے 12 سالہ طالبعلم جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا طالبعلم بہاولپور کا رہائشی تھا اور دینی تعلیم حاصل کرنے کے لیے لاہور آیا ہوا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مدرسے کے قاری نے مبینہ طور پر بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور بچے کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی، تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔