نواز شریف سینٹر آف ایکسیلینس کو انکلوسو بنانے کیلئے فریم ورک تشکیل دیدیاگیا
سینٹر آف ایکسیلینس پبلک سیکٹر کا پہلا مفت انکلوسو سکول ہوگا:وزیر تعلیم رانا سکندر
لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایت پر نواز شریف سینٹر آف ایکسیلینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کو انکلوسو بنانے کیلئے جامع فریم ورک تشکیل دے دیا گیا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن اور محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کے درمیان ابتدائی تعلیم میں انکلوسویٹی کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ وزیر تعلیم نے ایم او یو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سینٹر آف ایکسیلینس پبلک سیکٹر کا پہلا مفت انکلوسو اسکول ہوگاجہاں خصوصی بچے عام بچوں کے ساتھ ایک ہی کلاس روم میں تعلیم حاصل کریں گے۔ دونوں محکمے مل کر خصوصی بچوں کی ضروریات کے مطابق معاون سہولیات فراہم کرتے ہوئے جامع تعلیمی ماحول تشکیل دیں گے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ اوائل عمری میں انکلوسو ایجوکیشن کا بنیادی مقصد خصوصی بچوں کو مین اسٹریم میں لانا ہے۔ یہ اقدام ایک کامیاب تجربہ ثابت ہوگا اور خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کو عام بچوں کے ساتھ یکساں تعلیمی ماحول میں سیکھنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ سینٹر آف ایکسیلینس میں خصوصی بچوں کی سکریننگ، نفسیاتی جائزے اور تھراپی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس مقصد کیلئے ماہرِ نفسیات، اسپیچ اینڈ لینگویج تھراپسٹ اور آکیوپیشنل تھراپسٹ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، جبکہ ادارے میں خصوصی بچوں کو انفرادی ضروریات کے مطابق تدریسی معاونت اور سہولیات مہیا ہوں گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں 5سے 8بچوں پر مشتمل پائلٹ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ کامیاب تجربے کے بعد اس منصوبے کو پنجاب کے دیگر سینٹرز آف ایکسیلینس تک وسعت دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر بچے کو بلاامتیاز سیکھنے، ترقی کرنے کا حق اور موقع فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ فریم ورک کا بنیادی مقصد خصوصی بچوں کو الگ تعلیمی دھارے تک محدود رکھنے کے بجائے عام بچوں کے ساتھ روزمرہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے۔