یونیورسٹی سربراہوں کو سنٹر آفس ایکسیلینس بنانے کا ٹاسک

وزیر تعلیم کا 4 سال میں یونیورسٹیوں کو ٹاپ 100 رینکنگ میں لانے کا عزم 
لاہور ( کرائم رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گزشتہ روز وائس چانسلرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت محکمہ سکولز اور محکمہ ہائر ایجوکیشن میں ریکارڈ اصلاحات لائی ۔ سرچ کمیٹی نے مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتیوں پر بہت محنت کی ہے،سابق دور میں وائس چانسلرز کی مستقلی پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے تمام یونیورسٹی سربراہوں کو تعلیمی اداروں کو مستحکم اور سنٹر آفس ایکسیلینس بنانے کا ٹاسک دیا اور اگلے 4 سال میں یونیورسٹیوں کو ٹاپ 100 رینکنگ میں لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تمام وائس چانسلرز طلبا کو سکلز سکھانے پر توجہ دیں، آئندہ فنڈز کو سکلز سکھانے سے مشروط کیا جا سکتا ہے۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا پنجاب حکومت وائس چانسلرز کو سو فیصد خودمختار بنانا چاہتی ہے۔ یونیورسٹیوں کو گلوبل سٹینڈرڈ پر لائیں گے۔ اس ضمن میں محکمہ ہائر ایجوکیشن کو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ کانفرنس میں جامعات میں ریسرچ کلچر کو پروموٹ کرنے اور جدید لیبز بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔