لندن: معروف برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے اپنے سالانہ خصوصی شمارے ’دی ورلڈ اہیڈ 2027‘ کا سرورق جاری کرتے ہوئے آئندہ سال کے 10 اہم عالمی رجحانات کا تجزیہ پیش کردیا، جن میں عالمی سیاست، ایران تنازع، موسمیاتی تبدیلی، مصنوعی ذہانت، معاشی بحران، چین تائیوان کشیدگی اور خلائی ٹیکنالوجی نمایاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق معروف برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے اپنے خصوصی سالانہ شمارے ’دی ورلڈ اہیڈ 2027‘ کے ذریعے آئندہ سال دنیا کو درپیش ممکنہ چیلنجز اور اہم تبدیلیوں کا ابتدائی جائزہ پیش کیا ہے۔ جریدے کے مطابق 2027 میں عالمی سیاست اور معیشت متعدد باہم جڑے ہوئے عوامل سے متاثر ہوسکتی ہے، جن میں امریکا کی داخلی سیاست، مشرق وسطیٰ کے تنازعات، یورپ میں دائیں بازو کی سیاست کا فروغ، عالمی قرضوں میں اضافہ اور جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے اثرات شامل ہیں۔
اس خصوصی شمارے کا سرورق امریکی مصور کلیون پیٹرسن نے تیار کیا ہے، جس میں میزائلوں، آتش زدگی، تیل کے کنوؤں، مصنوعی ذہانت کے برقی سرکٹس اور موسمیاتی تبدیلی کی علامتی عکاسی کی گئی ہے۔ سرورق پر کریملن اور مجسمہ آزادی کی موجودگی عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کی جانب اشارہ کرتی ہے، جبکہ دماغ نما ساخت اور سرنج سے مشابہ علامتیں حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور سائنسی ترقی کو ظاہر کرتی ہیں۔جریدے کے ایڈیٹر ٹام اسٹینڈج کے مطابق 2027 کے عالمی حالات کو سمجھنے کے لیے 10 بنیادی رجحانات کا جائزہ لینا ضروری ہوگا۔
1۔ ٹرمپ کے بعد امریکی سیاست کا مستقبل
دی اکانومسٹ کے مطابق 2027 میں امریکی سیاست کا سب سے اہم سوال صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد کے سیاسی منظرنامے سے متعلق ہوگا۔ وسط مدتی انتخابات کے بعد امریکا میں صدارتی جانشینی کی دوڑ شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم ٹرمپ اپنی مدت صدارت کے آخری مرحلے میں بھی سیاسی طور پر متحرک رہ سکتے ہیں۔جریدے کے تجزیے کے مطابق صدارتی احکامات، قانونی تنازعات، سرکاری منصوبوں میں تبدیلیوں، بڑے تعمیراتی منصوبوں اور ممکنہ فوجی کارروائیوں کے ذریعے ٹرمپ اپنا سیاسی اثر و رسوخ برقرار رکھنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔عالمی سطح پر بھی اس بات پر توجہ مرکوز رہے گی کہ ٹرمپ کے بعد امریکا کی داخلی اور خارجہ پالیسی کس سمت اختیار کرتی ہے اور اس تبدیلی کے عالمی اتحادیوں اور مخالف ممالک کے ساتھ تعلقات پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
2۔ ایران تنازع اور عالمی غذائی تحفظ کو خطرات
ایران کے ساتھ جاری تنازع 2027 میں بھی عالمی سیاست اور معیشت پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔ دی اکانومسٹ کے مطابق اس تنازع کے مستقل اور واضح حل کے امکانات محدود ہیں، جس کے باعث مشرق وسطیٰ میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔جریدے کے تجزیے میں ایران کے خلاف امریکی جنگ کے نتیجے میں عالمی سطح پر امریکا کی ساکھ اور اتحادیوں کے اعتماد پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔تنازع کے اثرات صرف مشرق وسطیٰ کی سیاست اور عالمی توانائی کی ترسیل تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی غذائی تحفظ بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ بالخصوص کھاد کی ممکنہ قلت زرعی پیداوار اور خوراک کی عالمی فراہمی کے لیے بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔اس کے علاوہ ایران میں حکمران نظام کی جانب سے اپنی گرفت مزید مضبوط کرنے کے امکانات بھی زیر بحث آئیں گے۔
3۔ موسمیاتی تبدیلی اور درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ
موسمیاتی تبدیلی 2027 کے اہم عالمی چیلنجز میں شامل ہوگی۔ جریدے نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ سال دنیا کے گرم ترین سالوں میں شامل ہوسکتا ہے، جبکہ سپر ال نینو کا موسمی رجحان شدید موسمی حالات پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔اس کے نتیجے میں دنیا کے مختلف خطوں کو خشک سالی، شدید گرمی کی لہروں، جنگلات میں آتش زدگی اور غیر معمولی موسمی واقعات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔دوسری جانب قابل تجدید توانائی، خصوصاً شمسی اور ہوائی توانائی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ جریدے کے مطابق روایتی توانائی کے ذرائع کی حمایت کے باوجود دنیا میں قابل تجدید توانائی کی اہمیت بڑھتی رہے گی۔
4۔ مصنوعی ذہانت کے خلاف عوامی ردعمل میں اضافہ
مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی 2027 میں بھی دنیا بھر میں بحث کا اہم موضوع رہے گی، تاہم اس کے معاشی، سماجی اور تکنیکی اثرات کے خلاف عوامی ردعمل میں اضافے کا امکان ہے۔دی اکانومسٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کی کمپنیوں میں بڑھتی سرمایہ کاری، قرضوں اور پیچیدہ مالیاتی معاہدوں کا حجم عالمی مالیاتی منڈیوں کے لیے خطرات پیدا کرسکتا ہے۔ اگر اے آئی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا بلبلہ پھٹتا ہے تو اس کے اثرات عالمی معیشت تک پہنچ سکتے ہیں۔جدید اے آئی ماڈلز سائبر حملوں کی صلاحیت میں اضافہ کرسکتے ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت کی سپلائی چین سے وابستہ سیاسی خطرات بھی حکومتوں اور کمپنیوں کے لیے نئے چیلنجز پیدا کریں گے۔اس کے علاوہ ملازمتوں کے خاتمے، ڈیٹا سینٹرز میں بجلی اور پانی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور جدید ٹیکنالوجی پر چند بڑی کمپنیوں کے غلبے سے متعلق خدشات بھی مصنوعی ذہانت کے خلاف عوامی ردعمل کی اہم وجوہات بن سکتے ہیں۔
5۔ یورپ میں دائیں بازو کی سیاست اور فرانس جرمنی اختلافات
یورپ میں دائیں بازو کی عوامیت پسند سیاست کا فروغ بھی 2027 کے اہم رجحانات میں شامل ہوگا۔ اس حوالے سے فرانس کو خصوصی اہمیت حاصل رہے گی، جہاں نیشنل ریلی کی رہنما میرین لی پین کی صدارتی انتخاب میں کامیابی کے امکانات کو ایک اہم سیاسی پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔اگر فرانس میں دائیں بازو کی سیاست کو مزید تقویت ملتی ہے تو اس کے اثرات صرف فرانسیسی سیاست تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے یورپی یونین کی پالیسیوں اور سیاسی سمت پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔جریدے کے مطابق فرانس اور جرمنی یورپی اتحاد کے بنیادی محرک ہیں، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات مشترکہ پالیسیوں اور فیصلہ سازی کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔اس کے ساتھ فرانس کے بھاری سرکاری قرضوں اور کمزور مالیاتی صورتحال کے باعث یورپ کی معاشی مشکلات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔
6۔ عالمی قرضوں میں اضافہ اور بانڈ مارکیٹ کا دباؤ
عالمی معیشت کو درپیش ایک بڑا چیلنج سرکاری قرضوں میں اضافہ اور بانڈ مارکیٹ پر بڑھتا ہوا دباؤ ہوگا۔دی اکانومسٹ کے مطابق دنیا کی بڑی معیشتیں سرکاری اخراجات، مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگے قرضوں کے مسئلے سے دوچار ہوسکتی ہیں۔قرضوں کے حصول کی لاگت بڑھنے سے حکومتوں کے علاوہ کمپنیوں اور عام شہریوں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ بانڈ مارکیٹ میں دباؤ بڑھنے کی صورت میں حکومتوں کے لیے قرضوں کی ادائیگی اور نئے مالی وسائل کا حصول مزید مہنگا ہوجائے گا۔جریدے کے مطابق عالمی مالیاتی نظام کے لیے یہ صورتحال طویل مدت تک برقرار رکھنا مشکل ہوسکتا ہے اور دنیا کو کسی بڑے مالیاتی فیصلے یا ممکنہ بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
7۔ چین اور تائیوان کے درمیان ممکنہ تصادم
چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی بھی 2027 کے اہم عالمی معاملات میں شامل ہوگی۔ دی اکانومسٹ کے مطابق یوکرین اور ایران کے تنازعات نے جدید جنگی ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، جہاں ڈرونز اور دیگر جدید ہتھیار نسبتاً چھوٹی طاقتوں کو بھی بڑی فوجی قوتوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت فراہم کررہے ہیں۔جریدے نے نشاندہی کی ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے مبینہ طور پر 2027 تک اپنی فوج کو تائیوان کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے، تاہم فوجی تیاری اور عملی حملے کا فیصلہ دو مختلف معاملات ہیں۔امریکا کی دیگر عالمی ترجیحات میں مصروفیت کے تناظر میں یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ چین تائیوان کے خلاف کوئی عملی اقدام کرتا ہے یا 2028 کے تائیوان انتخابات کے نتائج کا انتظار کرتا ہے۔جریدے کے مطابق آئندہ دو سال تائیوان اور خطے کے مستقبل کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔
8۔ وزن کم کرنے والی ادویات کے معاشی اور سماجی اثرات
وزن کم کرنے والی جدید ادویات کی بڑھتی مقبولیت بھی 2027 کا ایک اہم عالمی رجحان ہوگی۔ اوزیمپک اور اس جیسی ادویات نے صحت کے شعبے میں نمایاں تبدیلی پیدا کرنے کے ساتھ صارفین کے طرز زندگی اور خریداری کے رجحانات کو بھی متاثر کیا ہے۔دی اکانومسٹ کے مطابق ان ادویات کے استعمال سے وزن کم کرنے والے افراد کپڑوں، کاسمیٹکس اور فٹنس مصنوعات پر زیادہ اخراجات کرسکتے ہیں، جسے جریدے نے ’ریوینج شاپنگ‘ کا نام دیا ہے۔ان ادویات کی کامیابی نے دوا ساز کمپنیوں کی توجہ عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرنے اور انسانی زندگی کا دورانیہ بڑھانے سے متعلق نئی ادویات کی تیاری کی جانب بھی مبذول کرائی ہے۔
9۔ خلائی ٹیکنالوجی اور راکٹ لانچنگ کے اخراجات میں کمی
خلائی ٹیکنالوجی میں پیش رفت اور راکٹ لانچ کرنے کی لاگت میں کمی 2027 کا ایک اور اہم رجحان ہوگا۔جریدے کے مطابق اسپیس ایکس کا بڑا راکٹ اسٹارشپ 2027 میں مصنوعی سیاروں کو خلا میں پہنچانے کے لیے باقاعدہ پروازیں شروع کرسکتا ہے، جبکہ چین کی راکٹ ساز کمپنیاں بھی دوبارہ استعمال ہونے والے راکٹ بوسٹرز کی صلاحیت کا مظاہرہ کرسکتی ہیں۔خلائی سفر اور سیٹلائٹ لانچ کرنے کے اخراجات میں کمی سے نجی خلائی اسٹیشنوں کے قیام اور خلا میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے منصوبوں کو تقویت مل سکتی ہے۔اس پیش رفت سے مستقبل میں عالمی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مواصلاتی نظام اور خلائی معیشت میں نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں۔
10۔ ہالی ووڈ اور عالمی فلمی صنعت میں تبدیلی
عالمی فلمی صنعت میں تبدیلیاں بھی 2027 کے اہم رجحانات میں شامل ہوں گی۔ اس سال مشہور فلمی سلسلے ’اسٹار وارز‘ کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر اس کی دوبارہ نمائش اور نئی فلم کے ذریعے اسے نئے انداز میں پیش کرنے کے منصوبے اہمیت اختیار کریں گے۔اسی طرح ایونجرز کی واپسی اور جیمز بانڈ کی نئی فلم بھی عالمی فلمی شائقین کی توجہ کا مرکز بن سکتی ہے۔تاہم دی اکانومسٹ کے مطابق فلمی صنعت کے لیے اصل سوال یہ ہوگا کہ آیا شائقین بڑے فلمی اسٹوڈیوز کی روایتی فلموں میں اپنی دلچسپی برقرار رکھیں گے یا یوٹیوب سے وابستہ تخلیق کاروں کی کم بجٹ والی فلمیں ان کی ترجیحات تبدیل کردیں گی۔جریدے کے مطابق ’اسٹار وارز‘ کی کہانی میں بڑی فوجی طاقت کا چھوٹے اور کم خرچ ہتھیاروں کے سامنے کمزور پڑنا، مصنوعی ذہانت سے لیس روبوٹس کا خود فیصلے کرنا اور سکیورٹی کی کمزوریوں کے باعث اہم معلومات کی چوری جیسے موضوعات شامل ہیں، جو موجودہ عالمی حالات سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔
سائنس فکشن اور حقیقت کے درمیان کم ہوتا فاصلہ
دی اکانومسٹ کے خصوصی شمارے میں جدید ٹیکنالوجی کے ان رجحانات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جن کے باعث سائنس فکشن اور حقیقی دنیا کے درمیان فاصلہ تیزی سے کم ہورہا ہے۔خلا میں ڈیٹا سینٹرز، خودکار گاڑیاں، انسانی شکل کے روبوٹس، ڈرون جنگ، طاقتور مصنوعی ذہانت اور وزن کم کرنے والی جدید ادویات اس تبدیلی کی نمایاں مثالیں ہیں۔جریدے کے مطابق مستقبل میں ان ٹیکنالوجیز کا دائرہ مزید وسیع ہوسکتا ہے اور ان کے اثرات انسانی زندگی، عالمی معیشت، دفاعی حکمت عملی اور معاشرتی ڈھانچے پر مرتب ہوں گے۔