قلات میں پارہ منفی 3 ڈگری تک گر گیا، شدید سردی اور طویل لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

قلات میں پارہ منفی 3 ڈگری تک گر گیا، شدید سردی اور طویل لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان

قلات: شہر اور گردونواح میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے چلا گیا، کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شدید سردی کے ساتھ گیس پریشر کی بندش اور 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں موسم سرد سے شدید سرد ہونے لگا ہے، جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہر اور اس کے گردونواح میں سرد موسم نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔محکمہ موسمیات قلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ درجہ حرارت میں کمی کے باعث صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے، جبکہ شہریوں کو معمولات زندگی جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب شدید سردی کے دوران گیس پریشر کی بندش نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ شہریوں کے مطابق گھروں میں گیس دستیاب نہ ہونے کے باعث کھانا پکانے اور سرد موسم میں گھروں کو گرم رکھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

بجلی کی صورتحال بھی شہریوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ قلات میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مجموعی طور پر 15 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر چکا ہے تو دوسری جانب گیس اور بجلی کی عدم دستیابی نے زندگی مزید مشکل بنا دی ہے۔ شدید سردی میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرد موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائے اور گیس پریشر کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔