پاکستان میں شدید سردی، کالام میں منفی 6 ڈگری ریکارڈ

پاکستان میں شدید سردی، کالام میں منفی 6 ڈگری ریکارڈ

پاکستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ سردی کالام میں منفی 6، پاراچنار منفی 4، دیر بالا منفی 3 اور سیدو سوات میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔دروش، چترال، تیمرگرہ اور بالاکوٹ میں منفی ایک جبکہ میر کھنی اور چترال میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ درج ہوا۔ مالم جبہ، کاکول اور چترال کے دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہا۔صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور انتہائی سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی و پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں بشمول پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، کرک، بنوں اور لکی میں دھند چھانے کا امکان ہے۔ خاص طور پر ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں موٹر وے، نیشنل ہائی وے اور جی ٹی روڈ پر صبح اور رات کے اوقات میں کہرا چھایا رہے گا۔شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دورانِ سفر دھند کے باعث ممکنہ مشکلات سے خبردار کیا گیا ہے۔