ملک کے بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے چلا گیا ہے۔
موسم کی شدت کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہونے لگے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی لائنیں جم گئی ہیں اور سرد ہوائیں سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسکردو میں درجہ حرارت منفی 12، استور منفی 11، گوپس منفی 9، ہنزہ اور قلات منفی 8 جبکہ گلگت، بگروٹ اور کالام میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کوئٹہ میں پارہ منفی 3، مری اور ایبٹ آباد میں منفی 1، پشاور میں صفر، اسلام آباد میں 1، لاہور میں 5 اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔شدید سردی اور برف باری کے بعد بالائی سوات کے سیاحتی مقامات کالام اور ملم جبہ حسین نظاروں میں ڈھل گئے ہیں، جس کے باعث ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد ان علاقوں کا رخ کر رہی ہے۔ سیاح برف بازی، اسکیئنگ اور دیگر تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ برف سے ڈھکے پہاڑ اور ٹھنڈا موسم قدرت کا حسین تحفہ ہیں، جو ذہنی سکون فراہم کرتے ہیں۔ دوسری جانب مقامی ہوٹل مالکان اور کاروباری افراد نے بتایا کہ سیاحوں کی آمد سے علاقے کی معیشت کو فروغ مل رہا ہے، تاہم انہوں نے انتظامیہ سے سڑکوں کی بروقت صفائی اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔