وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سنجیدہ کوششوں میں مصروف ہیں: ٹرمپ

آبنائے ہرمز پر ناکہ بندی برقرار، ڈیل نہ ہوئی تو دوبارہ جنگ کیلئے تیار ہیں:امریکی وزیردفاع  پیٹ ہیگسیتھ کی پریس کانفرنس
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے  پاکستانی قیادت خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلیے مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سنجیدہ کوششوں میں مصروف ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا  اسلام آباد ملاقات کے بارے میں وینس، وٹکوف اور کشنر نے مکمل آگاہ کر دیا، ملاقات مہربان اور باصلاحیت فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہوئی، دونوں انتہائی غیر معمولی لوگ ہیں۔دریں اثناء مریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے  اگر ایران نے معاہدہ نہیں کیا تو امریکی افواج دوبارہ جنگی کارروائیاں کرنے کیلئے تیار ہیں۔پینٹاگون میں جنرل ڈین کین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران کیلئے پیغام ہے، ہم آپ پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ایرانیوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہماری اور ان کی صلاحیتوں کا کوئی مقابلہ نہیں، امریکی اب بھی پہلے کی طرح مضبوط ہے۔امریکی وزیر جنگ نے کہا کہ ایران کو بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ آپ کون سے فوجی اثاثے منتقل کر رہے ہیں، اپنے فیصلے ایران کو عقلمندی سے کرنا ہوں گے، کسی بھی صورت ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، مذاکراتی ٹیم ایران کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے، ڈیل نہ ہوئی تو ہماری فورسز جنگ کے لیے تیار ہیں۔پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کہتا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کنٹرول کر رہا ہے، لیکن اس کی اپنی کوئی بحریہ نہیں، تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی کنٹرول نہیں، یہ بحری قزاقی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کی توانائی صنعت مکمل تباہ نہیں ہوئی، امریکی ناکہ بندی سے برآمدات بند ہو رہی ہیں، جب تک ضرورت ہوگی ہم آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی برقرار رکھیں گے