تینوں کی شاندار سفارتی کوششوں کو دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں، ایران اور امریکہ کی قیادت کو بھی امن کا راستہ اختیار کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں:سربراہ مسلم لیگ ن
لاہور(سپیشل رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے ایران امریکہ اسرائیل جنگ بندی میں پاکستان کی بہترین سفارت کاری پر وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔ایکس (ٹویٹر) پر جاری پوسٹ میں نواز شریف نے لکھا وزیرِاعظم شہباز شریف، نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شاندار سفارتی کوششوں کو دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں جنہوں نے ایک بڑے عالمی بحران کو ٹالنے، ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔نواز شریف نے مزید لکھا کہ میں ایران اور امریکا کی قیادت کو بھی امن اور تدبر کا راستہ اختیار کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور دعاگو ہوں یہ قدم عالمی استحکام کی طرف ایک بامعنی پیش رفت ثابت ہو۔