3 ہزار 177 ارب روپے کے اخراجات پارلیمنٹ سے منظور نہیں کرائے گئے، بجٹ میں درست تخمینہ نہ لگانے کے باعث مزید 3 ہزار 809 ارب روپے مانگے گئے:آڈٹ رپورٹ
سرکاری فنڈز میں خوردبرد اور فرضی ادائیگیوں کے سنگین معاملات تحقیقاتی اداروں کو بھیجے جائیں، مالیاتی کنٹرول میں بہتر ی اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اضافی فنڈز خرچ نہ کئے جائیں:آڈیٹر جنرل کی سفارش
تین ماہ میں وفاقی حکومت کے اخراجات 206 ارب 64 کروڑ پر پہنچ گئے ‘صرف چار برسوں میں وفاقی حکومت کے امور چلانے کے سالانہ اخراجات تقریباً دوگنا ہو چکے ہیں:وزارت خزانہ کی دستاویزات
اسلام آ باد (آئی این پی‘یو این پی )آڈیٹر جنرل پاکستان نے وفاقی حکومت کی آڈٹ رپورٹ2024-25 میں وفاقی حکومت کے مالیاتی نظام میں سنگین خامیوں، بجٹ سے زائد اخراجات اور سرکاری فنڈز کے ریکارڈ میں بیضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے طابق حکومت نے 39 ہزار 345 ارب روپے کے منظور شدہ بجٹ کے مقابلے میں 41 ہزار 335 ارب روپے خرچ کیے، مجموعی اخراجات کا 84.31 فیصد قرضوں کی ادائیگی پر صرف ہوا، جبکہ سماجی اور ترقیاتی کاموں کے لیے صرف 15.69 فیصد رقم باقی بچی۔آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے 3 ہزار 177 ارب روپے کے اخراجات پارلیمنٹ سے منظور نہیں کرائے گئے، جبکہ بجٹ میں درست تخمینہ نہ لگانے کے باعث مزید 3 ہزار 809 ارب روپے مانگے گئے۔دستاویز کے مطابق 11 ہزار 674 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں میں سے 6 ہزار 583 ارب روپے صوبوں کو منتقل کئے گئے، جس کے بعد وفاقی حکومت کے حصے میں خالص آمدن 5 ہزار 90 ارب روپے رہی۔آڈیٹر جنرل نے اندرونی مالیاتی کنٹرول کی کمزوریوں کے 78 کیسز کی نشاندہی کی، جبکہ آڈٹ کی نشاندہی پر 2 ارب 26 کروڑ روپے کی ریکوری بھی کی گئی۔مزید برآں رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف محکموں میں 87 ارب روپے سے زائد کا بجٹ استعمال نہ ہونے کے باعث لیپس ہوگیا، جبکہ 41 ارب روپے کی اضافی گرانٹ بھی خرچ نہیں کی جاسکی۔آڈیٹرجنرل نے سرکاری فنڈز میں خوردبرد اور فرضی ادائیگیوں کے سنگین معاملات تحقیقاتی اداروں کو بھجوانے، مالیاتی کنٹرول بہتر بنانے اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اضافی فنڈز خرچ نہ کرنے کی سفارش کی ہے۔دریں اثناء کفایت شعاری اقدامات کے باوجود وفاقی حکومت کے امور چلانے کے اخراجات رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 28 اعشاریہ 21 فیصد بڑھ گئے وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور اداروں کے روزمرہ آپریشنل اخراجات، تنخواہوں اور انتظامی سمیت دیگر خرچوں پر مشتمل وفاقی حکومت کے امور چلانے کے اخراجات میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا.وزارت خزانہ کی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ جولائی تا ستمبر 2026 کے دوران وفاقی حکومت کے امور چلانے کے اخراجات 206 ارب 64 کروڑ روپے رہے جو گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 161 ارب 18 کروڑ روپے تھے