جیالے اپنے گھروں کی چھتوں پر پارٹی پرچم لگائیں:فریال تالپور

پیپلزپارٹی کاشیوہ ہے ہم لوگوں سے  رائے لیتے ہیں ‘ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں عوام میں رہتے ہیں
 لاہور کے دورے کا بنیادی مقصد یہ تھا یہاں پیپلزپارٹی کی پوزیشن کا جائزہ لوں:ورکرز کنونشن سے خطاب
گورنرہاؤس جیالوں کیلئے ہمیشہ کھلا ہے‘کارکنوں  کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کریں گے:سردار سلیم حیدر
لاہور (آن لائن) گورنرہاؤس لاہور میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر خان کے ساتھ پیپلزپارٹی لاہور کے ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔ورکرز کنونشن میں راجہ پرویز اشرف، نیئربخاری، ندیم افضل چن، قمرالزمان کائرہ اور بی آئی ایس پی کی چیئرمین روبینہ خالد سمیت کارکنوں اور جیالوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔پیپلزپارٹی کے جیالوں نے فریال تالپور کا پرتپاک استقبال کیا۔  فریال تالپور نے ورکرزکنونش سے خطاب کرتے ہوئے کہا  لاہور کے وکرز کے درمیان آکر بہت خوشی ہوئی میں خود بھی ایک ورکر ہوں۔لاہور کے صدر فیصل میر کی قیادت میں آپ سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔تمام کارکنان اور جیالے اپنے گھروں کی چھتوں پر پارٹی پرچم لگانے کو یقینی بنائیں۔پیپلزپارٹی کاشیوہ ہے ہم لوگوں سے ملتے ہیں عوامی رائے لیتے ہیں اور اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں عوام میں رہتے ہیں۔پیپلزپارٹی گھٹن میں نہیں رہتی بولتی ہے۔پیپلزپارٹی کا حْسن ہے کہ وہ چاہتی ہے کہ ورکران کے سامنے کھڑے ہوکر بولیں اور اپنے دل کا حال بتائیں۔میرے لاہور کے دورے کا مقصد ہے کہ میں تمام ورکروں اور جیالوں سے ملوں۔میرے لاہور کے دورے کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ میں لاہور میں پیپلزپارٹی کی پوزیشن کا جائزہ لوں۔پیپلزپارٹی لاہور محنت کررہی ہے۔ گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے بھی ورکرکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنرہاؤس کارکنوں اور جیالوں کے لیے ہمیشہ کھلا ہے۔اپنے کارکنوں اور جیالوں کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔میں گورنرہاؤس میں موجود ہوں کارکن اور جیالے خود کو تنہا نہ سمجھیں۔