فریال تالپور پارٹی اختلافات ختم کرنے کی ہدایت

 رہنمااور کارکن متحد ہو جائیں : فریال تالپور، پیپلزپارٹی کا بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان 
 لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کی مرکزی صدر شعبہ خواتین فریال تالپور نے گورنر ہائوس لاہور کا دورہ کیا، جہاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پارٹی کی تنظیمِ نو، پنجاب کی سیاسی صورتحال اور آئندہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریال تالپور نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو باہمی اختلافات ختم کرکے متحد ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکن پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں اور سب مل کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے لاہور کے صدر فیصل میر کو اندرونی اختلافات ختم کرانے میں مئوثر کردار ادا کرنے اور خواتین، طلبہ، نوجوانوں اور مزدوروں کی تنظیموں کو ساتھ لے کر چلنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے لاہور کی تمام یونین کونسلوں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدوار میدان میں اتارنے اور آئندہ ماہ دوبارہ لاہور کا دورہ کرنے کا اعلان کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے کارکنوں اور عوام کے لیے کھلے ہیں۔ فیصل میر کے مطابق فریال تالپور 21 نومبر کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق زوم اجلاس کی صدارت کریں گی، جبکہ 27 نومبر، 6 اور 21 دسمبر کو بھی اہم اجلاس ہوں گے۔ ملاقات میں نیر حسین بخاری، ہمایوں خان، ندیم افضل چن اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔