پنجاب میں کمرشل ایریاز اور سڑکوں پر گندگی پھیلانے والے قانون کے شکنجے میں آئیں گے ‘ جرمانے ہوں گے،ہر گندگی پھیلانے والا 15دن کے اندر قانون کی گرفت میں آئے گا
صوبے میں ہر گلی کوچے میں صفائی کی نئی لہر، ڈیجیٹل نگرانی اور جدید مکینیکل سوئپرز استعمال ہوں گے‘ اتوار کے روز بھی صفائی کے لئے عملہ تعینات کیا جائے گا:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ستھرا پنجاب پروگرام میں جدت لانے کے لیے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پروگرام کے ہر پہلو پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر، جدید اور ماحول دوست بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس میں ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ کے لیے جامع پلان وسط جنوری تک طلب کر لیا۔ اب پنجاب کے ہر گلی کوچے میں ستھرا پنجاب کی نئی لہر شروع ہوگی اور اتوار کے روز بھی صفائی کے لیے عملہ تعینات کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ روایتی صفائی گاڑیوں کی جگہ ماحول دوست الیکٹرک وہیکل متعارف کروائی جائیں گی جبکہ پنجاب میں کمرشل ایریاز اور سڑکوں پر گندگی پھیلانے والے قانون کے شکنجے میں آئیں گے اور جرمانے ہوں گے۔ ہر گندگی پھیلانے والا 15 دن کے اندر قانون کی گرفت میں آئے گا۔ستھرا پنجاب کے ہیروز جدید مکینیکل سوئپرز استعمال کریں گے اور ہر یونین کونسل میں صفائی کے عملے کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ اجلاس میں پنجاب کی ہر دو یونین کونسل کو صفائی کے لیے ایک ٹریکٹر دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ صفائی کے نئے نظم و نسق اور معیار کے لیے باقاعدہ ویسٹ انکلوژر، کوڑے دان اور کنٹینر بنائے جائیں گے۔شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ستھرا پنجاب میں تنخواہوں اور ادائیگی کا سسٹم ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے، گاڑیوں کی نگرانی کے لیے وہیکل ٹریکنگ مینجمنٹ سسٹم اور لائیو کنٹینر مانیٹرنگ جاری ہے۔ ویسٹ کمپنیوں کی کارکردگی کے لیے کے پی آئیز کے مطابق مارکس دیے جائیں گے۔