مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز پاکستان کو قائدانہ کردار پر فخر ہے شہبازشریف
پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، تجارتی روابط اور معاشی انضمام کے فروغ کیلئے پْرعزم ہے، مشترکہ اہداف کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ضروری ہے:وفود سے ملاقات میں گفتگو
وزیراعظم نے ڈسٹرکٹ کی سطح پرچار ایس ایم ایز سہولت سینٹر کے قیام کی منظوری دے دی، ایس ایم ایزکی برآمدات میں اضافے کے لئے سہولیں مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے:شہباز شریف
10 سال میں غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والا ایک بھی ترقیاتی منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل نہیں ہو سکا،وزیر اعظم کو رپورٹ پیش ‘شہبازشریف کا تاخیر پراظہار برہمی ، خصوصی ورکنگ گروپس تشکیل دیدئیے
اسلام آباد( آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے درمیان علاقائی تعاون، تجارتی روابط اور معاشی انضمام کے فروغ کے لیے پْرعزم ہے، جبکہ تنظیم کے مشترکہ اہداف کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ضروری ہے تاکہ خطے کے عوام کو اس تعاون کے حقیقی ثمرات حاصل ہوسکیں۔وزیراعظم سے ای سی او کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ای سی او کے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ ۔انہوں نے زور دیا کہ تنظیم کے مشترکہ وڑن کو ایسے ٹھوس اقدامات میں ڈھالنے کی ضرورت ہے جن کے نتائج واضح ہوں اور رکن ممالک کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔ اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، راہداریوں، توانائی، اطلاعات و مواصلاتی ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی معاشی تعاون کو تیز کرنے کے لیے ای سی او کے موجودہ معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد اور تنظیم کے ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سڑکوں، ریلوے اور دیگر ذرائع نقل و حمل پر مشتمل راہداریوں کے ذریعے علاقائی روابط کو فروغ دینے کے لیے پْرعزم ہے۔ ان منصوبوں میں کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہوں سے رابطے بھی شامل ہیں، جن سے بالخصوص ایسے رکن ممالک کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی جن کے پاس اپنی سمندری بندرگاہ موجود نہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے تنازعات کے پْرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔انہوں نے ای سی او کے رکن ممالک کو دعوت دی کہ وہ 2027ء کے لیے لاہور کو تنظیم کا سیاحتی مرکز قرار دیے جانے کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد نے ملاقات کی، جس میں مسلم امہ کو درپیش اہم مسائل، خطے میں امن و استحکام اور فلسطین و جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور قابلِ قدر کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا پاکستان کو مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قائدانہ کردار ادا کرنے پر فخر ہے اور پاکستان اس مقصد کے لیے او آئی سی کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ کی سطح پر ایس ایم ایزسہولت سینٹر کے قیام کی منظوری دی ہے اور ایس ایم ای سہولت سینٹرز کے پائلٹ پراجیکٹ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قائم کرنے، جلد خراب ہونے والی اشیاء کو برآمد کرنے کے لیے کولڈ سٹوریج کا پائیدار نظام قائم کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ برآمد کنندگان کے وفد نے ملاقات کی،ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کی پیشرفت اور ان کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی برآمدات میں اضافے کے لیے سہولیات مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے
‘علاوہ ازیں شہباز شریف نے غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کے باعث قومی خزانے کو ہونیوالے اضافی مالی نقصان اور سود کی ادائیگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے فوری طور پر خصوصی ورکنگ گروپس تشکیل دے دئیے ۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کو پیش کی گئی تفصیلی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ 10 سالوں میں غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والا کوئی ایک بھی ترقیاتی منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل نہیں ہو سکا۔ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کے باعث پچھلے ایک دہائی سے 0.25 فیصد اضافی کمٹمنٹ چارجز یا سود کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، اور وزیراعظم ان اضافی چارجز کو مکمل طور پر ختم کرانے کے لئے پرعزم ہیں۔