غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حمایت جاری رکھیں گےشہبازشریف
وزیراعظم سے معروف سویڈش ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ایرکسن کے وفد کی ملاقات‘وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا ‘ پاکستان میں ایرکسن کی چھ دہائیوں پر محیط سرمایہ کاری اور ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی ترقی میں کردار کو سراہا
ملاقات میں ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی، مالی شمولیت اور کیش لیس ادائیگی کے نظام کی توسیع کے ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری اور ادارہ جاتی تیاری کو مزید بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی گفتگو ہوئی
اسلام آباد‘رباط(آن لائن)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سٹریٹیجک شراکت داروں کی حمایت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیاہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے معروف سویڈش ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ایرکسن کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ اس وفد کی قیادت کمپنی کے صدر اور مارکیٹ ایریا یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے سربراہ مسٹر پیٹرک جوہانسن کر رہے تھے۔وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور پاکستان میں ایرکسن کی چھے دہائیوں پر محیط سرمایہ کاری اور ملک کے ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کی ترقی میں اس کے کردار کو سراہا۔ملاقات میں اقتصادی ترقی، پیداواری صلاحیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے اگلی نسل کے ڈیجیٹل رابطے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم نے 5G سمیت جدید نیٹ ورکس میں ایرکسن کے عالمی تجربات سے استفادہ حاصل کرنے میں پاکستان کی دلچسپی کو اجاگر کیا، اور قومی ضروریات کے مطابق محفوظ اور پائیدار آئی ٹی انفراسٹرکچر کی ترقی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی، مالی شمولیت اور کیش لیس ادائیگی کے نظام کی توسیع کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات کے لیے تیاری اور ادارہ جاتی تیاری کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی گفتگو ہوئی۔دریں اثناء و دفاع خواجہ محمد آصف کے مراکش کے سرکاری دورے کے دوران پاکستان اور مراکش کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جسے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔دورے کے دوران وزیرِ دفاع نے مراکش کی حکومت کے سربراہ کے ماتحت قومی دفاعی انتظامیہ کے انچارج وزیرِ مملکت عبداللطیف لودیعی سے ملاقات کی اور وفود کی سطح پر مذاکرات کی قیادت کی، جن میں دفاع، سلامتی اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔خواجہ محمد آصف نے مراکش کے وزیرِ خارجہ، افریقی تعاون اور مراکشی تارکینِ وطن جناب ناصر بوریطا سے بھی علیحدہ ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امن و استحکام کے امور زیر بحث آئے۔ملاقاتوں کے اختتام پر دونوں جانب سے تحائف کا تبادلہ کیا گیا، جس کے دوران وزیرِ دفاع نے مراکشی وزیرِ دفاع کو پاکستان میں تیار کردہ فٹبال بطور تحفہ پیش کیا۔