غیر یقینی عالمی حالات ، مستحکم تجارت کیلئے علاقائی روابط ضروری ،عبدالعلیم خان

 اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیربرائے مواصلات عبدالعلیم خان نے علاقائی رابطہ کاری کو معاشی مضبوطی اور مشترکہ خوشحالی کے لئے اہم قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی حالات میں غیر یقینی کے باوجود تجارت جاری رکھنے کیلئے کسی ایک ملک پر انحصار کے بجائے متبادل تجارتی راستے بنانا ہوں گے۔بینکاک میں وزارتی ٹرانسپورٹ کانفرنس سے ویڈیو خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان وسطی اور جنوبی ایشیا، چین اور مشرقِ وسطی کو جوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر کی بندرگاہیں وسطی ایشیائی ممالک کو سمندری راستوں تک رسائی دے سکتی ہیں۔ کیو ٹی ٹی اے معاہدہ خطے میں سامان کی ترسیل کے لئے اہم فریم ورک ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان ریلوے منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی پر بھی کام جاری ہے۔ شاہراہ قراقرم کو سال بھر کھلا رکھنے سے چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ روابط میں بہتری آئی ہے۔ سی پیک کے تحت تھاکوٹ سے رائے کوٹ سیکشن پر کام جاری ہے۔وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ ایم سکس موٹروے کے تین حصوں کے لئے اوپیک اور اسلامی ترقیاتی بینک سے فنڈنگ حاصل کی گئی ہے۔ کیریک منصوبے کے تحت چمن اور طورخم سرحدوں پر جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان محفوظ، پائیدار اور مربوط علاقائی ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے قیام کے لئے پر عزم ہے۔ تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے اور متبادل راستوں سے علاقائی سپلائی چین مضبوط ہوگی۔