نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس پر جو بھی کام کرے گا ، پاکستان کو بچانے والا ہوگا ،بے تاب ہوں یہ مجھ سے استعفی لیں:وفاقی وزیر
کراچی(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے صحت مصطفی کمال نے کہا ہے 18ویں آئینی ترمیم نے ملک کو تباہ و برباد کردیا، نئے صوبوں کا قیام کسی سیاسی جماعت کی خواہش نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہے،بے تاب ہوں پیپلزپارٹی والے مجھ سے استعفی لیں، میں ابھی کراچی میں 3 دن گزارتا ہوں، جمعہ ہفتہ اتوار، پھر میں سات دن گزاروں گا اور مہم چلائو ں گا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ریاستی امور چلانے والوں کو بھی احساس ہوچکا ہے کہ موجودہ نظام بہتر نتائج دینے میں ناکام ہے، میرا خیال ہے کہ ملک میں نئے صوبے بنیں گے۔مصطفی کمال نے کہا کہ اگر عوام کوئی بات کردیں تو وہی سپریم ہوتی ہے، آج کی جانے والی باتیں محض تجزیہ ہیں۔انہوں نے پیپلزپارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسے اپنی کارکردگی پر اعتماد ہے تو ملک میں دس صوبے بھی بن جائیں تو اسے کوئی فرق نہیں پڑنا چاہیے، پیپلزپارٹی کو معلوم ہے کہ اس نے کچھ نہیں کیا، اسے حالات کی نزاکت کو سمجھنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ریاستی امور میں غیر مشروط طور پر شامل ہوجانا چاہیے،لگتا ہے کہ پاکستان اور عوام کی سوچ تبدیل ہورہی ہے۔