عمران خان کا چیف جسٹس کو خط دراصل این آر او کی درخواست ہے طارق فضل چودھری

عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، ان کے خرابی صحت سے متعلق خط میں کئے گئے دعوے درست نہیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے  بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل سے چیف جسٹس صاحبان کو جو خط لکھا وہ حقائق کے منافی ہے، یہ خط دراصل این آر او کی درخواست ہے، دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود اس کے طلب گار ہیں۔پارلیمنٹ چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  عمران خان کو ریلیف صرف عدالتوں سے مل سکتا ہے، وہ سیاسی انتقام کے باعث جیل میں نہیں ہیں، 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد سے قید میں ہیں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس واضح اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہے، خط میں طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں، عمران خان کی 22 گھنٹے قیدِ تنہائی، کتابوں اور ٹیلی ویڑن کی عدم دستیابی سے متعلق دعوے درست نہیں، انہیں جیل میں تمام سہولتیں فراہم ہیں، ان کی پسند کا کھانا بھی دیا جاتا ہے۔ عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے زیادہ سہولت یافتہ قیدی ہیں، ان کی صحت سے متعلق خط میں کیے گئے دعوے درست نہیں، ان کی صحت کا ہفتہ وار بنیاد پر طبی ماہرین جائزہ لیتے اور معائنہ کرتے ہیں، طبی ماہرین کی ضرورت پر عمران خان کا جیل سے باہر بہترین طبی سہولت میں معائنہ کرایا جاتا ہے،ان کو آٹھ مرتبہ پمز میں بہترین طبی سہولت کے ساتھ معائنے کے لیے دکھایا گیا۔