سیاسی مقاصد کے لئے پاکستان کے قومی مفادات کو پسِ پشت ڈال کر ذاتی بیانیہ کو آگے بڑھایا جا رہا ہے:وفاقی وزیر کاایکس پر بیان
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے زلفی بخاری اور عمران خان کے بیٹوں کی حالیہ سرگرمیاں ایک واضح سیاسی ایجنڈے کی عکاسی کرتی ہیں،سیاسی مقاصد کے لئے پاکستان کے قومی مفادات کو پسِ پشت ڈال کر ذاتی بیانیہ کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ایکس پر بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ زلفی بخاری اور عمران خان کے بیٹوں کی حالیہ سرگرمیاں ایک واضح سیاسی ایجنڈے کی عکاسی کرتی ہیں، سیاسی مقاصد کے لئے پاکستان کے قومی مفادات کو پسِ پشت ڈال کر ذاتی بیانیہ کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، عارف اجاکیہ جیسے متنازعہ اور پاکستان مخالف بیانیہ رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کسی عام سیاسی عمل کا حصہ نہیں۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ ملاقاتیں ایک سوچے سمجھے بیانیے کا تسلسل محسوس ہوتی ہیں، کچھ عناصر عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف فضا بنانے میں مصروف ہیں، اس قسم کی حرکتوں سے یہ صرف اپنی سیاست کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ طارق فضل چوہدری نے کہاکہ اسوقت ملک کو اتحاد، استحکام اور ذمہ دار قیادت کی ضرورت ہے، اس صورتحال میں ایسے اقدامات قومی بیانیے کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں، یہ وہی سیاست ہے جس کا دعویٰ‘‘تبدیلی’’کے نام پر کیا گیا تھا؟