پاکستان کا آئین مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے، حکومت سماجی و مذہبی استحصال کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے:صدر مملکت
اسلام آباد(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے باہمی احترام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قوم کو اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے ۔ برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغا م میں صدر آصف علی زرداری نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا آئین مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے، پاکستان رواداری، امن اور باہمی احترام کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام انسانیت، شفقت اور عدل کا درس دیتا ہے، حکومت سماجی و مذہبی استحصال کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے، غیر مسلم شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہماری ترجیح ہے، بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز رائٹس بل 2025 اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے تمام شہریوں، خصوصا نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کے تعصب، امتیاز اور نفرت کے خلاف آواز بلند کریں، انہوں نے علمائے کرام، اقلیتی رہنماں اور میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کریں تاکہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنایا جا سکے جہاں سماجی ہم آہنگی اور اتحاد قومی شناخت بن جائے۔