ایران جنگ نہیں چاہتا، مگر دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں: صدر مسعود پزشکیان

ایران جنگ نہیں چاہتا، مگر دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں: صدر مسعود پزشکیان

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات پر واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران امن کا خواہاں ہے لیکن کسی قسم کی دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تہران امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے، مگر یک طرفہ دباؤ یا دھمکیوں کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو دفاع کا حق رکھتے ہیں۔"انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ایک طرف امن کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف دھمکیاں دیتے ہیں، اس رویے سے مذاکراتی عمل پر اعتماد مجروح ہوتا ہے۔صدر ایران نے مزید کہا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے شفاف مؤقف رکھتا ہے اور عالمی معاہدوں کی پاسداری چاہتا ہے، لیکن یہ سب یکساں احترام اور برابری کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے مذاکرات کا سلسلہ کئی بار رکا اور دوبارہ شروع ہوا، تاہم فریقین میں اعتماد کی کمی بدستور ایک بڑی رکاوٹ ہے۔