اوساکا (ویب ڈیسک): جاپان کے تاریخی اور ثقافتی شہر اوساکا میں جاری عالمی نمائش ایکسپو جاپان 2025ء میں پاکستان نے اپنی ثقافت، قدرتی وسائل اور اقتصادی وژن کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کر کے بھرپور پذیرائی حاصل کی ہے۔
دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک کی شرکت سے جاری اس بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان کا اسٹال سادگی، خوبصورتی اور اثر انگیزی کا امتزاج بن چکا ہے۔ اسٹال کی سب سے نمایاں خصوصیت پاکستان کا قدرتی خزانہ پنک ہمالین سالٹ ہے، جو اپنی خوبصورتی، طبی فوائد اور نایابیت کے سبب غیر ملکی زائرین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہا ہے۔پاکستانی اسٹال روزانہ 8 سے 10 ہزار افراد کی میزبانی کر رہا ہے جن میں بچوں، بزرگوں، تاجروں، صحافیوں اور سفارتکاروں سمیت جاپانی شہریوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ وہ نہ صرف پنک سالٹ بلکہ پاکستانی ثقافت، روایتی ہنر، فوٹو گیلری، معلوماتی مواد اور غذائی مصنوعات میں بھی گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔اس موقع پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے ڈائریکٹر جنرل نصیر احمد پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ "یہ ایکسپو جاپانی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات خاص طور پر پنک سالٹ کو متعارف کروانے کا شاندار موقع ہے۔
یہ نہ صرف تجارتی مواقع کو فروغ دیتا ہے بلکہ پاکستان کے پرامن اور متنوع تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔"ایونٹ مینجمنٹ کی خدمات سید سجاد شاہ انجام دے رہے ہیں، جبکہ پاکستانی وفد میں مختلف سرکاری اداروں کے افسران، کاروباری ماہرین اور تاجر شامل ہیں جو عالمی سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کرکے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ایکسپو آئندہ کئی ماہ تک جاری رہے گا، اور توقع ہے کہ لاکھوں افراد اس دوران مختلف ممالک کے اسٹالز کا دورہ کریں گے۔ جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی رمضان صدیق اور سید علی جوہر نے کہا کہ پاکستانی اسٹال کی موجودہ مقبولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود عالمی سطح پر ایک مثبت، مؤثر اور پرکشش پہچان متعارف کرائی ہے۔