متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں 10 کروڑ ڈالرز مالیت کی نایاب ہیروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں خصوصی توجہ کا مرکز جنوبی افریقہ سے لایا گیا نایاب نیلا ہیرا ہے۔
اس نمائش میں مجموعی طور پر 8 ہیروں کا کل وزن 700 قیراط سے زائد ہے، اور ان میں سے سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا نیلا ہیرا ہے، جو 10 قیراط وزن کا ہے۔یہ نیلا ہیرا دنیا میں اب تک دریافت ہونے والا سب سے اہم نیلا ہیرا قرار دیا جا رہا ہے اور اس کی متوقع نیلامی رواں سال مئی میں 2 کروڑ ڈالرز میں ہونے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔کمپنی کے سربراہ کوئگ بروننگ نے اس نمائش کے لیے ابوظبی کو منتخب کرنے کی وجہ اس خطے کے لوگوں کی ہیروں میں گہری دلچسپی کو قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ یہاں نایاب ہیروں کے تاجر اور شوقیہ خریدار دونوں کی بڑی تعداد موجود ہو گی۔ یہ نمائش نہ صرف ہیروں کے شوقین افراد کے لیے ایک خاص موقع ہے بلکہ ان سرمایہ کاروں کے لیے بھی جو قیمتی ہیروں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔