سالٹ لیک سٹی: چرچ کے باہر فائرنگ، 2 ہلاک اور متعدد زخمی

سالٹ لیک سٹی: چرچ کے باہر فائرنگ، 2 ہلاک اور متعدد زخمی

سالٹ لیک سٹی: امریکا کے ریاست یوٹاہ کے دارالحکومت سالٹ لیک سٹی میں مورمن چرچ کے باہر فائرنگ کے واقعے میں دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے روز دی چرچ آف جیزس کرائسٹ آف لیٹر ڈے سینٹس کی پارکنگ میں پیش آیا، جہاں درجنوں افراد جنازے میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ حملہ آور تاحال گرفتار نہیں ہوا اور اس کی تلاش کے لیے ایف بی آئی کی معاونت کے ساتھ مین ہنٹ جاری ہے۔سالٹ لیک سٹی پولیس چیف برائن ریڈ نے کہا کہ فائرنگ اتفاقی نہیں تھی، تاہم ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کسی مخصوص مذہب کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں کیا گیا۔ چرچ کے ترجمان گلین ملز کے مطابق واقعے سے قبل پارکنگ میں تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد اچانک گولیاں چلائی گئیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں تقریباً 100 قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیاں پہنچیں اور ہیلی کاپٹرز بھی گشت کرتے رہے۔ میئر ایرن مینڈن ہال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی عبادت گاہ کے باہر ہونے والی تقریب کے دوران نہیں ہونا چاہیے تھا۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکا میں حالیہ مہینوں کے دوران عبادت گاہوں پر حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔