نادرن بائی پاس کے پیٹرول پمپوں سے 96 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل برآمد

نادرن بائی پاس کے پیٹرول پمپوں سے 96 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل برآمد

کراچی: پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے حساس ادارے کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر نادرن بائی پاس پر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 96 ہزار 697 لیٹر غیرقانونی ایرانی ڈیزل برآمد کرلیا، جبکہ 7 مزدا ٹرکس بھی ضبط کرلیے گئے۔

ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ رضا نقوی کے مطابق کلکٹر انفورسمنٹ کو اطلاع ملی تھی کہ نادرن بائی پاس کے مختلف پیٹرول پمپوں کے زیر زمین ٹینکوں میں بڑی مقدار میں اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل ذخیرہ کیا گیا ہے، جسے بعد ازاں 7 مزدا ٹرکوں کے ذریعے شہر بھر میں سپلائی کیا جاتا ہے۔کارروائی کے دوران پیٹرول پمپوں سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کا ایرانی ڈیزل برآمد ہوا، جب کہ برآمد کیے گئے 7 مزدا ٹرکوں کی مالیت 3 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ کسٹمز حکام نے تمام سامان اور گاڑیاں ضبط کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

کسٹمز کلکٹریٹ کے مطابق گزشتہ 8 روز میں اسمگل شدہ ڈیزل کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 1 لاکھ 23 ہزار 497 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا، جس کی مجموعی مالیت 3 کروڑ 19 لاکھ 40 ہزار روپے ہے۔حکام کے مطابق انسدادِ اسمگلنگ مہم آئندہ دنوں میں مزید تیز کی جائے گی تاکہ شہر میں ایرانی ڈیزل کی غیر قانونی ترسیل کو روکا جا سکے۔