نیرج چوپڑا نے بھی 90 میٹر کا ہندسہ عبور کر لیا

نیرج چوپڑا نے بھی 90 میٹر کا ہندسہ عبور کر لیا

دوحہ ڈائمنڈ لیگ 2025 میں نیرج چوپڑا نے 90.23 میٹر کی ریکارڈ جیولن تھرو کی

بھارت کے اسٹار جیولن تھروور نیرج چوپڑا نے دوحہ میں ہونے والے ڈائمنڈ لیگ مقابلے میں 90.23 میٹر کی تھرو کے ساتھ اپنی کیریئر کی سب سے طویل تھرو کی، جو کہ 90 میٹر کا ہندسہ عبور کرنے والا پہلا بھارتی اور تیسرے ایشیائی ایتھلیٹ بننے کا اعزاز ہے۔نیرج نے مقابلے کا آغاز 88.44 میٹر کی تھرو سے کیا جو ٹوکیو عالمی چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ مارک سے بھی زیادہ تھی۔ تیسری کوشش میں 90.23 میٹر کی تھرو نے ان کی کارکردگی کو خاص بنایا، تاہم وہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے کیونکہ جرمنی کے جولین ویبر نے آخری کوشش میں 91.06 میٹر کی تھرو کی۔

یہ نیرج چوپڑا کا نئے کوچ جان زیلیزنی کے ساتھ پہلا بڑا مقابلہ تھا اور ان کی یہ کارکردگی انہیں عالمی سطح پر 90 میٹر تھرو کرنے والے 25ویں ایتھلیٹ کی حیثیت سے متعارف کرواتی ہے۔دوسری جانب، پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کی ریکارڈ تھرو کر کے جیولن تھرو کے مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔یہ مقابلہ جیولن تھرو کے عالمی معیار اور ایشیائی ایتھلیٹس کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔