واشنگٹن (آئی این پی )امریکا اور چین میں تجارتی معاہدے پر اتفاق کا اعلان ہوتے ہی دنیا کے دس ارب پتی افراد کی دولت میں ایک رات کے دوران 84ارب ڈالر اضافہ ہو گیا۔ غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق سابق فیس بک اور موجودہ میٹا کے شریک بانی مارک زکربرگ سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے فرد رہے، جن کی دولت میں 16.1ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، دوسرے نمبر پر ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کی دولت میں 14.3ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی دولت میں بھی 14.5ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ۔العربیہ بزنس کے مطابق اس فہرست میں زیادہ تر ٹیکنالوجی سے وابستہ ارب پتیوں کا غلبہ رہا، صرف تین افراد اس شعبے سے باہر تھے۔ ان میں سب سے نمایاں فرانس کے ارب پتی اور یورپ کے امیر ترین شخص برنارڈ آرنو رہے جن کی دولت میں 7.1ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔بھارتی ارب پتی مکیش امبانی اور گوتم اڈانی نے بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ صلح کی وجہ سے بالترتیب 4.42 ارب ڈالر اور 5.31 ارب ڈالر اپنی دولت میں شامل کیے۔ایک رات میں اربوں ڈالر کمانے والوں کی فہرست میں ڈیل، انویڈیا، اوریکل اور الفابیٹ جیسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے وابستہ ارب پتی افراد بھی شامل تھے۔