جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ و نشان عبرت بن چکے :چیئرمین سینیٹ

ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں‘پاکستان کا یہ دندان شکن جواب تھا‘یوسف رضا گیلانی کا یوم تشکر پر پیغام،شہداء کو خراج عقیدت پیش
اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے۔جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں‘ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں‘پاکستان کا یہ دندان شکن جواب تھا۔یوم تشکر کے موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے خصوصی پیغام  میں کہا کہ بھارت کی کھلی جارحیت اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالی کا شکر بجا لانے کے لیے ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔6اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کر دیا تھا بھارتی حملے کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے،پاکستان کو ان بے گناہ شہریوں کی خاطر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا گیا ۔ پاکستان کا یہ دندان شکن جواب تھا۔ پاکستان کی بہادر اور پیشہ ورانہ مسلح افواج نے دشمن کو اسی کی زبان میں مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے‘دشمن کے عزائم اور غرور کو ناکام بنایا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دشمن کے فوجی اڈے، اسلحہ کے انبار اور ایئر بیسز دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے۔ ان کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آئے اور اللہ کے فضل سے ناکام ہو گئے۔ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظریہ کے خلاف تھی جو انسان دشمنی، جارحیت، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے۔یہ افواج پاکستان کے ساتھ ساتھ خوددار، غیرت مند اور باوقار پاکستانی قوم کی کامیابی ہے۔ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔میں پاک افواج کے ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے معرکہ حق کی تکمیل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔