مجھے چور کہنے والا اڈیالہ جیل میں نشان عبرت بنا بیٹھا ہے: احسن اقبال

پی ٹی آئی والوں سے پوچھتا ہوں عمران خان آپ کا مہاتما ہے‘ چار سال سیاہ و سفید کا مالک رہا ‘ کوئی ایک یونیورسٹی بنائی ہو تو نام بتادیں
 ملک بھر میں جو 29 لنگر خانے کھولے اس کا خرچہ حکومت نہیں اٹھاتی تھی کراچی کی ایک این جی او اٹھاتی تھی:تقریب سے خطاب
 نارووال (آئی این پی ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے عمران خان نے مجھے چور کہا اور آج اڈیالہ جیل میں نشان عبرت بنا بیٹھا ہے۔نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں نے سوشل میڈیا پر پیغام دیا تھا مجھے عمران خان نے چور کہا، اگر میں نے اس ملک کو لوٹا تو اللہ تعالی مجھے نیست و نابود کردینا اور الزام جھوٹا ہے تو اسے نشان عبرت بنادیا، یقین ہے آج عمران خان اڈیالہ جیل میں موجود ہے تو نشان عبرت بنا ہوا ہے کیوں کہ عمران خان ہر کسی کی پگڑی اچھالتا تھا اور جھوٹے الزامات لگاتا تھا۔احسن اقبال نے کہا میں پی ٹی آئی والوں سے پوچھتا ہوں کہ عمران خان آپ کا مہاتما ہے چار سال وہ سیاہ و سفید کا مالک رہا اس دوران کوئی ایک یونیورسٹی بنائی ہو تو نام بتادیں، کوئی نیا ہسپتال، نئی موٹروے؟ کوئی منصوبہ؟ نہیں! صرف لنگر خانے کھولے، ملک بھر میں جو 29 لنگر خانے کھولے اس کا خرچہ حکومت نہیں اٹھاتی تھی سیلانی فائونڈیشن اٹھاتی تھی جو کراچی کی این جی او ہے، خرچہ این جی او کا تھا اور ٹھپہ حکومت اپنا لگاتی تھی۔